158

جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام عظیم الشان جشن ولادت امام زمانہ (عج) کا انعقاد

جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام عظیم الشان جشن ولادت امام زمانہ (عج) کا انعقاد

کرگل// ولادت با سعادت امام عصر (عج) کے کے موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں ایک عظیم الشان جشن کا انعقاد کیا گیا۔

ولادت با سعادت امام عصر (عج) کے کے موقع پر جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے زیر اہتمام حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں ایک عظیم الشان جشن کا انعقاد کیا گیا جس میں علماء کونسل جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل سے وابستہ علمائے کرام، چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل جناب فیروز احمد خان کے علاوہ ضلع کرگل کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں تشریف لائے عاشقان امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف نے شرکت کی، جشن کا آغاز عالمی شہرت یافتہ قاری قرآن حجۃ الاسلام شیخ محمد طہ شاعری نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔

اس موقع پر مقررین نے فلسفۂ ظہور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے مومنین کو امام زمانہ (عج) کے ظہور میں تعجیل کیلئے ہر وقت دعا کرتے رہنے اور مومنین کو امام زمانہ (عج) کے ظہور کیلئے خود سازی اور اپنے نفس کا محاسبہ کرنے کی تلقین کی۔

جن مقرین نے اس موقع پر مومنین سے خطاب کیا ان میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ رضا رضوانی، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد امینی، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محسن علی، ماسٹر محمد زائری, حجۃ الاسلام والمسلمین سید مہدی موسوی فاضلی ایگزیکٹو کونسلر لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کرگل, محمد حسن ہندردمانی, آخوند محمد آمین اور جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے متولی و سابقہ مرکزی امام جمعہ کرگل حجۃ الاسلام والمسلمین آقای محمد حسین مفید کے نام قابل ذکر ہیں۔

اس موقع پر کرگل کے معروف شاعر تقی خان نایاب نے اصلاح معاشرہ کے موضوع پر پُرگی زبان میں اپنے کلام سے محفل کی رونق کو دوبالا کیا، اس کے علاوہ ضلع کرگل کے معروف قصیدہ و منقبت خوانوں نے اپنے خوبصورت آوازوں میں امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے شان میں بلتی اور اردو زبانوں میں قصیدہ اور منقبت پیش کئے اور جشن کی رونق میں مزید اضافہ کیا۔

جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے جنرل سیکریٹری و مرکزی امام جمعہ کرگل حجتہ الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم خلیلی نے جشن ولادتِ با سعادت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے اس محفل با برکت میں نظامت کے فرائض انجام دیئے، اس سے قبل شب ولادت با سعادت و شب نیمہ شعبان کے موقع پر انصار المہدی جوانان اثنا عشریہ نے حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کو خوبصورت لائٹنگ، پھولوں اور جھنڈوں سے سجایا اور حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل کے ساتھ ساتھ ضلع صدر مقام کے محلہ جات اور ضلع کے مختلف علاقوں میں مساجد، مکاتب , امام بارگاہ, گھروں اور مرحومین کے آرام گاہوں کو لائٹنگ اور چراغاں کے ذریعے سجایا گیا اور اونچے پہاڑوں پر بھی چراغاں کر کے شب نیمہ شعبان اور شب ولادت با سعادت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے موقع پر عاشقانِ امام زمانہ نے اپنے جذبات اور عقیدت کا اظہار کیا۔

جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کے متولی اور سابقہ امام جمعہ کرگل حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسین مفید نے اپنے صدارتی خطاب میں امام زمانہ (عج) کے یوم ولادت با سعادت کے مبارک موقع پر خود محضر مبارک امام زمان (عج) اور ائمہ معصومین علیہم السلام، مراجع عظام اور عاشقان و منتظرین امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں ہدیہ تبریک و مبارکباد پیش کرتے ہوئے مومنین کو تلقین کی کہ وہ صحیح معنوں میں امام زمانہ (عج) کے منتظرین میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو پہلے اپنے نفس کا محاسبہ کریں اور غور و فکر کریں کہ کیا ہم اور آپ اس قابل ہیں؟ کیا ہم میں وہ صفات موجود ہے کہ جو منتظرین امام زمان (عج) میں ہونی چاہئے؟ کیا ہم امام زمان (عج) کا انتظار صحیح معنوں میں کر رہے ہیں؟ یا یہ صرف ہمارے زبانوں تک ہی محدود ہیں!

حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسین مفید نے آخر میں تمام مراجع عظام کی سلامتی اور دنیائے اسلام میں امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں کی- حجۃ الاسلام شیخ ابراہیم خلیلی نے انصار المہدی جوانان اثنا عشریہ کرگل، تبرکات کمیٹی اور اثنا عشریہ , غلام حیدر ٹینٹ سروس اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کا اس عظیم الشان جشن کو احسن طریقے سے منعقد کرنے پر اراکین جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل کا شکریہ ادا کیا-

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں