بیروکریسی وادی چناب میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام
منتخب حکومت کاکوئی متبادل نہیں:الطاف بخاری
جموں//انتظامیہ وادی چناب میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ خطہ کے دور دراز علاقوں میں رابطہ سڑک ، پینے کاصاف پانی اور بجلی کی بلاخلل سپلائی ایک دیرینہ خواب ہے۔ غیر اعلانیہ طویل بجلی کٹوتی نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے لیکن انتظامیہ اِس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی۔
اِن باتوں کا ذکر اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے گاندھی نگر جموںپارٹی دفتر پر منعقدہ ایک پروگرام کے دوران کیا جس میں بھدرواہ سے کثیر تعداد میں لوگوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس پروگرام کا اہتمام لیگل سیل صوبائی صدر وکرم راٹھور نے کیاتھا جس میں بھدرواہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔
نئے ساتھیوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے بخاری نے اُمیدظاہر کی کہ اِس سے بھدرواہ میں پارٹی کو مضبوطی ملے گی ۔اس دوران لوگوں نے بھدرواہ اور ضلع ڈوڈہ کے دیگر علاقوں کے عوامی وترقیاتی مسائل کو الطاف بخاری کی نوٹس میں لیا جنہوں نے بغور اُنہیں سنُا اور عوامی مسائل کے حل کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے سبھی خطوں میں یکساں ترقی تبھی ممکن ہے جب بیروکریٹک راج کی جگہ منتخب حکومت ہوگی۔ بیروکریسی لوگوں کے سامنے جوابدہ نہیں ہوتی جبکہ منتخب حکومت کی لوگوں کے سامنے جوابدہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوری طور منتخب حکومت اِس قابل ہوتی ہے کہ وہ عوامی بہبود اسکیموں کی عمل آوری اور ترقی کو یقینی بنانے کے لئے بیروکریسی کو چلائے ۔ جموں وکشمیر کے دور دراز گاو ¿ں میں بلاکسی امتیاز ترقی ہو۔
الطاف بخاری نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ”لوگوں کا ایل جی انتظامیہ سے مکمل طور اعتماد اُٹھ چکا ہے۔ لہٰذا لوگوں کے اعتماد کی بحالی کے لئے اسمبلی انتخابات اور ریاستی درجے کی بحالی لازمی ہے“۔انہوں نے کہا”ہمارا ماننا ہے کہ سبھی خطوں کے لوگوں کے ساتھ بلا امتیاز رنگ ونسل، ذات پات یکساں سلوک ہونا چاہئے۔ ہمارا مقصد سماج میں یکساں ترقی، امن اور خوشحالی اور جموں وکشمیر میں امن اور خوشحالی کے لئے دونوں خطوں کے لوگوں کو ایکساتھ لانا ہے“۔
بڑھتی مہنگائی، ترقی کے فقدان، تعلیمی وصحت ڈھانچہ کی خستہ حالی کا تذکرہ کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ”جموں وکشمیر میں تب خوشحالی آسکتی ہے جب دونوں خطوں کے لوگوں کو یکساں طور طریقہ دیکھاجائے اور اُنہیں پر امن ماحول فراہم کیاجائے۔اپنی پارٹی لوگوں کو سچ بتانے پر یقین رکھتی ہے، ہم عوامی بہبود کے وعدہ بند ہیں اور ہمارا مقصد جموں وکشمیر کو متحد رکھنا ہے۔“
الطاف بخاری نے تندہی سے کام کرنے پر پارٹی لیڈروں اور ورکروں کی تعریف کی اور کہاکہ ورکروں کی کارکردگی سے متاثر ہوکر جموں صوبہ کے اندر لوگ جوق درجوق اپنی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔
اس موقع پر الطاف بخاری نے اعلان کیاکہ اپنی پارٹی لیڈر انیل کمار پارٹی ضلع صدر ڈوڈہ ہوں گے تاکہ زمینی سطح پر تنظیمی ڈھانچہ کو مضبوط کیاجائے۔ دریں اثناءاپنی پارٹی صوبائی صدر سردار منجیت سنگھ نے بھی خطاب کیا اور عوامی نوعیت کے مسائل اور تنظیمی امور پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پارٹی سنیئرلیڈر اور سابقہ ایم ایل اے راجوری چوہدری قمر بھی موجود تھے۔