سرینگر//سری نگر میونسپل کارپویشن (ایس ایم سی) کے کمشنر اویس احمد نے اتوار کے روز کہاکہ سری نگر میں برف ہٹانے کا کام شدومد جاری ہے اور تمام تر مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کارلایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں میونسپل سطح پر ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔موصوف کمشنر نے ان باتوں کا اظہا ر اتوار کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘سڑکوں سے برف ہٹانے کاکام اتوار کی صبح سے جاری ہے ‘۔ایس ایم سی کمشنر اویس احمدنے کہاکہ اتوار کی صبح سے 47سنو مشینوں کو کام پر لگا دیا گیا ہے اور 28سو ملازمین شہر کے ہر وارڈ میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ان کے مطابق سری نگرکے چودہ سو کلومیٹر روڈ پر برف صاف کرنے کا کام جاری ہے۔ایس ایم سی کمشنر نے کہاکہ لگ بھگ سبھی سڑکوں اور گلی کوچوں میں موجود برف کو صاف کیا گیا ہے۔
نچلے علاقوں میں پانی جمع ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایس ایم سی کمشنر نے کہاکہ پانی کی نکاسی کے لئے مشینوں کا بندوبست کیا گیا ہے اور اس حوالے سے 147موبائیل پمپ مختلف علاقوں میں کام کر رہے ہیں۔ان کے مطابق ہمارے کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اور جن جن علاقوں سے لوگ مسائل ابھاررہے ہیں انہیں فوری طورپر حل کرنے کی سعی کی جارہی ہیں۔
اویس نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں اور گلی کوچوں میں اپنی گاڑیوں کو پارک کرنے سے پر ہیز کریں تاکہ ہمارے عملے کو وقت ضرورت دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔دریں اثنا ایم سی کمشنر نے پائین شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پربرف ہٹانے کے کام کا بچشم جائزہ لیا۔انہوں نے پیر دستگیر صاحب خانیار، گردوارہ چھٹی پادشاہی رعناواری اور امام بارگاہ حسن آباد کابھی دورہ کیا جس دوران لوگوں نے ایس ایم سی کمشنر کا استقبال کیا۔ایس ایم سی کمشنر نے صدر ہسپتال سری نگراور جواہر لال نہرو میموریل ہسپتال رعناواری کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر سری نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے برف ہٹانے کے کام کاج کا مشاہدہ کیا۔