انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے وفد کا مولانا مسرور عباس انصاری صاحب سے وحدت اسلامی پر تبادلہ خیال
سرینگر// انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کا ایک اعلٰی سطحی وفد آج حجت الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری صاحب کے دولت خانہ تشریف لے گیا۔ ملاقات کے دوران وفد نے مولانا مسرور عباس انصاری صاحب اور آپ کے والد مرحوم حجت الاسلام والمسلمین مولانا محمد عباس انصاری صاحب کی وحدت اسلامی کے حوالے سے نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کی کاوشوں کو سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ وفد نے مولانا مسرور عباس انصاری صاحب سے اتحاد اسلامی کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کے اغراض و مقاصد سے بھی آگاہ کیا ہے اور آپ سے اس حوالے سے ہمکاری کی اپیل کی۔ وفد کی سربراہی مفتی مدثر احمد قادری اشرفی اور مولانا مشتاق محی الدین حقنواز کررہے تھے۔ کونسل نے گزشتہ برس سے مختلف مسالک سے وابستہ سرکردہ شخصیات سے رحماء بینھم مشن کے تحت ہفت وار نشستوں کا اہتمام جاری رکھا ہے جن کا بنیادی مقصد تمام مسالک کے درمیان اتحاد اسلامی کو پروان چڑھانا ہے۔ ملاقات کے دوران مولانا مسرور عباس انصاری صاحب نے اتحاد اسلامی کی اہمیت و ضرورت پر تفصیلی گفتگو فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کی طرح آج کے دور میں بھی اتحاد المسلمین وحدت اسلامی کی تمام کاوشوں کا تعاون پیش کرتے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس پرفتن دور میں انتشاری عناصر سوشل میڈیا کا استعمال کرکے فتنہ برپا کر نے میں جی توڑ کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اسلامی کے مشن میں ہم ایک ہی ہیں الگ الگ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ تقاضوں کو پیش نظر رکھ کر اتحاد اسلامی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ مولانا مسرور عباس انصاری صاحب نے انٹرنیشنل مسلم یونٹی کونسل کو تعاون دینے کی یقین دہانی کی ہے۔ ادھر آئی ایم یو سی کا مذکورہ وفد نے امام بارگاہ آیت اللہ یوسفؒ بمنہ جاکر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ الموسویؒ کی پانچویں برسی کے حوالے سے منعقدہ مجلس ترحیم میں شرکت کی ہے۔ وفد نے حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ الموسویؒ کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے انکے فرزند ارجمند مولانا سید محمد ہادی موسوی صاحب کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔