بڈگام//جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سےانجمن کے ہیڈ آفس بڈگام پر استقبال ماہ رمضان کے سلسلے میں ایک پُروقار نشست کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں مختلف دینی انجمنوں کے سربراہوں اور نمائندوں کے علاوہ علماء دین ائمہ جمعہ اور زعماء کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔ نشست کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد سلیم ڈار صاحب نے حاصل کی اور نعت مقبول حضرت رسول اکرمؐ سےمحمد ابراہیم صاحب نے مسفید کیا جبکہ نظامت کے فرائض حجۃ الاسلام سید محمد حسین صفوی نے انجام دئے ۔تقریب میں استقبالیہ کلمات حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے بیان کئے، جس میں انہوں نے ماہ مبارک کا ماحصل تقویٰ قرار دیتے ہوئے سماجی ذمہ داریوں اور سماج میں پھیلے جرائموں کی روک تھام اور لائحہ عمل مرتب کرنے پر زور دیا۔تقریب میں جن علمائے کرام نےخطاب کیا ان میں مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام ،اتحاد المسلمین کے صدرحجۃ الاسلام والمسلمین مسرور عباس انصاری،نمائندہ میر واعظ کشمیر مفتی غلام رسول سامون،حجت الاسلام ڈاکٹر مدثر حسین رضوی،نمائندہ کاروان اسلامی گلزار احمد شہدائی ،امام جمعہ مولوی ریاض احمد بخاری شامل ہے تقریب میں انجمن شرعی شیعیان کے شعبہ تبلیغ سے منسلک ائمہ جمعہ اور دیگر کئی علماے دین حضرات بھی موجودتھے
تقریب کےاختتام پر صدر انجمن شرعی شیعیان حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے صدارتی خطبہ میں اس متبرک مہینے کے فیوض و برکات اور عظمت و اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس ماہ مبارک میں امت مسلمہ کو تزکیہ نفس کے ساتھ ساتھ اپنے اجتماعی امورات کی اصلاح اور اس پُرعظمت مہینے سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا ساتھ ہی معاشرہ میں بڑھ رہی بے راہ روی سماجی جرائم و رسومات، حق تلفیاں، اخلاقی و روحانی اقدار کے خاتمہ کےساتھ اُمت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق سے رہنے کی تلقین کی نیزفلسطین کےمظلوم مسلمانوں کو یاد رکھنےاور انکے خلاصی کے لئے خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کی ۔
27