امریکی صدر کی قیام گاہ کے باہر فلسطین کے ہزاروں حامیوں کا اجتماع اور نعرے بازی
امریکہ // امریکی ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں فلسطین کے ہزاروں حامیوں نے امریکی صدر جو بائیڈن کی رہائشگاہ کے سامنے جمع ہو کر غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف احتجاج کیا۔ امریکہ میں فلسطین کے حامی مظاہرین، غاصب صیہونی حکومت کی بھرپور حمایت کرنے کی بنا پر امریکی صدر کو غزہ کے مظلوم عوام کی نسل کشی کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔
امریکہ کے اسّی سالہ صدر جوبائیڈن، زیادہ تر چھٹیاں اسی رہائشگاہ میں گزارتے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کی حمایت کرنے پر امریکہ کے مختلف شہروں میں فلسطین کے حامی مظاہرین کے احتجاج کا دائرہ وسیع تر ہوتا جا رہا ہے اور وہ اسرائيل کی حمایت کی بنا پر جو بائیڈن کو فلسطینی عوام کے قتل عام کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم لے رکھے تھے اور وہ فلسطین کی آزادی اور فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرو جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے کولمبس اسکوائر پر اجتماع کیا اس کے بعد وہ ٹائمز اسکوائر ہوتے ہوئے مختلف سڑکوں پر احتجاجی جلوس نکالا۔
نیویارک پولیس کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ چھے مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔