یمن// انصاراللہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ غزہ میں فلسطینیوں پر صہیونی جارحیت کی حمایت اور خطے میں طاقت کی زبان استعمال کرنے سے باز آئے۔
المسیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ یمنی تنظیم انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یمن غزہ کے مظلوم عوام کی جائز حمایت سے دستبردار نہیں ہوگا۔ اس سلسلے میں غزہ کے خلاف جنگ بند اور محاصرہ ختم کرنے کے لئے دباو مزید بڑھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بحیرہ احمر میں سمندری اتحاد تشکیل دے کر خطے کے ممالک میں خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے۔ یمن اپنے مفادات کے خلاف اقدام نہ کرنے والے ممالک کو خطرہ ایجاد نہیں کرے گا لیکن دھمکی اور طاقت کی زبان ہمیں کسی بھی صورت میں قبول نہیں ہے۔
انہوں نے امریکہ اور اتحاد ممالک سے کہا کہ طاقت کی زبان استعمال کرنے سے باز آئیں اور جان لیں کہ طاقت کی زبان سے کبھی مسائل حل نہی ہوتے ہیں۔