الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے آئندہ 20دنوں میں لوک سبھا انتخابات شیڈول کا اعلان کیا جائیگا // چیف الیکٹورل آفیسر

سرینگر // الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے آئندہ 20دنوں میں لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا کی بات کرتے ہوئے چیف چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا جموں کشمیر انتظامیہ کی پہلی ترجیح ہے ۔

سی این آئی کے مطابق آئندہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے جنوبی کشمیر کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر پی کے پول نے کہا کہ توقع ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا انتخابات کی تاریخوں کے بارے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور کہا کہ آئندہ 20دنوں میں لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے، اس بات کو یقینی بنانا کہ ووٹرز بغیر کسی خوف اور دشواری کے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔

خیال رہے کہ اپنے جائزہ کے دوران پول نے جنوبی کشمیر کے تین اضلاع اننت ناگ، شوپیاں اور پلوامہ کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی۔انہوں نے ان اضلاع کے سینئر سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس ایس پیز) کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ پول نے انتخابات کے انعقاد میں درپیش چیلنجوں کو تسلیم کیا لیکن انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامی افسران کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔اس کے علاوہ، سی ای او نے حالیہ برسوں میں کشمیر بھر میں سیکورٹی کے منظر نامے میں نمایاں بہتری پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سیکورٹی فورسز کی کسی بھی اضافی تعیناتی کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مقرر کردہ اصولوں کی سختی سے تعمیل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں