وادی بھر کی مساجد ،خانقاہیں اور زیارت گاہیں نمازیوں سے آباد ،ہر سو فضا ئیں دورود ازکار سے معطر
’سحر خوان‘‘ نے روائتی انداز میں گلی محلوں میں ڈھول بجا کر لوگوں کو نیند سے اٹھ کر سحری کھانے کیلئے تیار کیا
سرینگر // جموں کشمیر کے آر پار منگلوارسے رحمتیں، برکتیں اور بخششیں سمیٹنے کا مہینہ شروع ہو گیا جس کے ساتھ ہی وادی بھر میں مساجد ،خانقاہیں اور زیارت گاہیں نماز یوں سے آباد ہوگئیں ۔اس دوران وادی بھر میں رمضان المبارک کے متبرک مہینے کے احترام میں رستوران ،ڈھابے اور دیگر کھانے پینے کی دکانیںافطاری تک بند رہیں اور یہ سلسلہ پہلے سے روزے لیکر اختتام ِ رمضان تک جاری رہے گا ۔سی این آئی کے مطابق منگلوار سے جموں وکشمیر کے تینوں خطوں کشمیر ،جموں اور لداخ میں رمضان المبارک کا آغاز انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے شروع ہو گیا ۔ تمام مساجد میں نماز تراویح کے روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ سحری کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔گزشتہ شام رمضان البارک کا چاند دیکھتے ہی لوگوں نے جموں کشمیر کی سلامتی اور مسلم امہ کی بقا کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں، شہرودیہات اور قصبہ جات کی چھوٹی بڑی مساجد میں میں نماز تراویح کا اہتمام بھی کیا گیا۔ کشمیرمیں جیسے ہی سحری کے اوقات شروع ہوئے،تو ڈھولچی جسے عرفِ عام میں’’سحر خوان‘‘ کہا جاتا ہے کہ روائتی انداز میں گلی محلوں میں ڈھول بجا کر گزرتے رہے تاکہ لوگ نیند سے اٹھ کر رمضان المبارک کے پہلے روزے کے لئے سحری کا اہتمام کر سکیں۔چونکہ سوموار کی شام دیر گئے چاند دیکھنے کے اعلانات کے باوجود بھی وادی بھر کی اجتماع گاہوں اور مساجد میں باجماعت پہلی تراویح ادا کی جبکہ پہلے روز ے کے دن بازاروں میں بھی بھاری رش کے سبب نمازیوں نے نماز یں ادا کیں۔اس مقدس ماہ میں جہاں عبادات کا خصوصی اہتمام ہوتا ہے تو وہیں کھانے کے لئے مختلف پکوان بھی تیار کئے جاتے ہیں،خاص کر سحر ی کے موقعے پر گوشت کے پکوان نمایاں طور پر دسترخوان کی زینت ہوتے ہیں۔اہل ایمان نے انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ رب العزت کے حضور سربسجو ہو کر رمضان المبارک کی نیکیاں سمیٹنا شروع کردیا ۔وادی کے تمام اضلاع سرینگر ، بڈگام ،گاندربل ،کپوارہ ،بارہمولہ ،بانڈی پورہ،اننت ناگ ،پلوامہ،شوپیاں اورکولگام میں پہلے روزے سے ہی مساجد اور خانقاہوں میں عبادات کیلئے خصوصی مجالس آراستہ کی گئیں جبکہ مساجد میں ہی افطاری کیلئے خاص انتظامات بھی کئے گئے ۔ رمضان المبارک کے احترام میں وادی بھر میں ریستواران اور ڈھابے بند رہے ۔ اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر کے تمام اضلاع بشمول سرینگر میں منگل کے روز رمضان المبارک کے آغاز کے احترام میں تمام ریسٹورینٹ اور ڈھابے بند رہے۔ نمائندے کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے دن شہر کے سبھی ہوٹل ، ریسٹورینٹ اور ڈھابے بند رہے۔ شہر کے سیول لائنز میں مولانا آزاد روڑ پر واقع مشہور ’فوڈ اسٹریٹ‘ جہاں عام دنوں میں مقامی لوگوں کا بھاری رش دیکھا جاتا ہے، میں سبھی دُکانیں بند رہیں۔ اس فوڈ اسٹریٹ کی خصوصیت یہ ہے کہ یہاں لوگوں کو شاکاہاری کھانا اور مشہور کشمیری وازوان سستے داموں فراہم ہوتا ہے۔