الشفا اسپتال کے حالات المناک ہیں / صیہونی فوجی بہت سے پناہ گزینوں کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے
غزہ // غزہ کے الشفا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے انچارج نے بتایا ہے کہ اسپتال کے حالات بحرانی اور المناک ہیں اورغاصب اسرائیلی فوجیوں نے اسپتال سے بہت سے پناہ گزینوں کو گرفتار کرکے نامعلوم جگہ منتقل کردیا ہے۔
الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ الشفا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے انچارج عمر زقوت نے بدھ کو بتایاہے کہ صیہونی فوجیوں نے بہت سے بے گھر ہونے والے پناہ گزینوں کو اسپتال سے گرفتار کیا، ان کے کپڑے اتارے اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر نا معلوم جگہ منتقل کردیا۔
انھوں نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے اسپتال کے اکثر دروازوں کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے بہت سے افراد زخمی ہوگئے ۔
الشفا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے انچارج نے بتایا کہ اسپتال کا طبی عملہ ان زخمیوں کو بچانے کی کوشش کررہا ہے۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی فوجی کئی دن تک غزہ کے الشفا اسپتال کو اپنے محاصرے میں رکھنے کے بعد آج بدھ کی صبح اسپتال کے اندر داخل ہوگئے۔
عینی شاہدوں نے بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اسپتال کے زیر علاج مریضوں کے وارڈوں میں فائرںگ کی اور دھماکے کی آوازیں اسپتال کے اطراف میں سنی گئي ہیں۔
اس دوران انسانی حقوق کے یورپی مرکز کے بحیرہ احمر کے شعبے نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے الشفا اسپتال کو جیل میں تبدیل کردیا ہے اور گرفتار ہونے والوں کو ایذائيں دے رہے ہیں۔
انسانی حقوق کے اس مرکز نے اعلان کیا ہے صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کی وجہ سے ہمیں فلسطینیوں کے قتل عام کا خدشہ ہے۔
الشفا اسپتال کے ذرائع نے الجزیرہ کو بھی بتایا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے اسپتال سے بہت سے لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔