4049523 35

اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا، امام جمعہ تہران

تہران// تہران کے امام جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے کہا کہ یہ ایام (ماہ شعبان) امام حسین (ع) کے ایام اور انوار الہی کی تجلیوں کے دن ہیں۔

انہوں نے 11 فروری کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر ایرانی عوام کے جوش وخروش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ فروری کو عوام کی بھرپور موجودگی نے ثابت کر دیا کہ ہماری بصیرت رکھنے والی قوم زمانے سے آگاہ، دشمن سے باخبر اور ولایت مدار ہے جس کا بھرپور اظہار یوم انقلاب کے عوامی مارچ میں دیکھنے کو ملا۔”

حجت الاسلام صدیقی نے کہا کہ اگرچہ امریکہ اور برطانیہ نے یمن کے خلاف جارحیت کا بازار گرم کر رکھا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو رہے۔

دوسری طرف سید حسن نصر اللہ کی قیادت میں حزب اللہ انتہائی دور اندیشی کے ساتھ قابض اسرائیل کے فوجی ٹھکانوں کو مفلوج کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ عراقی مزاحمت بھی میدان میں پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔

اب عراق کی حکومت، حشد الشعبی اور مزاحمتی گروپس یک صدا ہو کر غزہ کے عوام کی حمایت میں سامنے آئے ہیں اور وہ خطے کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد امریکی اڈوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

آج عالمی استکبار کو شکست فاش ہوچکی ہے اور یہ بات واضح ہے کہ حق ہمیشہ فتح یاب جب کہ باطل ناکام و رسوا ہوجاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے انتخابات دشمنوں کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹک رہے ہیں جب کہ دوستوں کے لئے امید کی کرن اور آنکھوں کی ٹھنڈک ہیں۔

انتخابات بتاتے ہیں کہ ہمارے معاشرے کی سیاسی اور سماجی زندگی فعال ہے کیونکہ جو معاشرہ مر جاتا ہے اس کی کوئی سماجی طاقت نہیں ہوتی اور لوگوں کے بھرپور سماجی اجتماعات ہی اس کی اجتماعی زندگی کی علامت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کی تشخیص یہ ہے کہ اپنی آزادی، عزت اور قومی وقار کی حفاظت کے لئے اٹھ کھڑے ہونے میں ہی عافیت ہے۔ اسی لئے داعش جیسے خونخوار درندے کے سرپرستوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اسلام کے پرچم کو پچھلے 45 سالوں سے پوری طاقت کے ساتھ تھامے عالمی نظام جبر کے خلاف میدان نبرد میں کھڑی ہے۔
(مہر نیوز)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں