آج فلسطین کے حالات مسلمین اور دنیا کے سبھی عوام کے لئے دردناک ہیں
ایران// صدر سید ابراہیم رئیسی نے صوبہ کردستان کے مرکزی شہر سنندج میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ آج فلسطین کے حالات دنیا بھر کے مسلمانوں اور عوام کے لئے دردناک ہیں اور یہ حالات دشمنان اسلام نے پیدا کئے ہیں۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کو صوبہ کردستان کے مرکزی شہر سنندج کے آزادی اسکوائر پر ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ آج ہم غزہ میں جن حالات کا مشاہدہ کر رہے ہيں وہ آپ سب کے لئے اور تمام مسلمانوں اور اقوام عالم کے لئے تکلیف دہ اور اذیتناک ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ المناک حالات غزہ کے مظلوم اور حریت پسند عوام کے لئے پیدا کئے گئے ہیں جو اپنے گھر اور اپنے وطن کے لئے استقامت سے کام لے رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ایک بھیانک ، کریہہ ، اور سیاہ منظر ہے اور غرور، تکبر، ظلم و زیادتی اور جارحیت کا ایسا منظر ہے کہ لوگ ایسے درندہ صفت لوگوں کو، انسان کہتے ہوئے کراہت محسوس کرتے ہیں، یقینا یہ انسان نہیں بلکہ جانور اور اس سے بھی بدتر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کے باوجود فلسطینی جوان استقامت، عزت، احترام اور دشمنوں کے سامنے ہتھیار نہ ڈالنے کے راستے پر گامزن ہیں اور ہمیں ان کی اس استقامت و پا مردی اور قربانیوں پر، فخر کرنا چاہیے۔
صدر مملکت نے کہا کہ آج دنیا نے محسوس کرلیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف جرائم کے اصلی ذمہ دار امریکی ہیں اور وہی انسانی حقوق کو پامال کر رہے ہيں ۔
انھوں نے کہا کہ جو انسانی حقوق کے دعویدار اور ٹھیکدار بنتے ہیں وہی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
صدر مملکت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غاصب صیہونی حکومت ایک ایسی حکومت ہے کہ جس کی بنیاد، قتل و غارت اور جارحیت پر مبنی ہے اور ایک جعلی حکومت ہے، کہا کہ دنیا کی بہت سی قوموں اور ممالک نے اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی حقیقت کو درک کرلیا ہے اور شہدائے فلسطین اور شہدائے اقصی کے خون کی بدولت دنیا بھر کے عوام بیدار ہوگئے ہیں اور انہوں نے دوست اور دشمن کے فرق کو سمجھ لیا ہے –